بھارت:’’ہد ہد‘‘ طوفان سے ہلاک ہونیوالوں کی تعداد 41 ہوگئی

Storms

Storms

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارت کے مشرقی ساحل پر گزشتہ ہفتے آنے والے طوفان ہْد ہْد سے ہلاکتوں کی تعداد 41 ہو گئی، اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد گھر بار سے محروم ہو چکے ہیں۔

حکام بجلی، ٹرانسپورٹ اور مواصلاتی نظام کی بحالی میں مصروف ہیں تاہم طوفان تھمنے کے باوجود انھیں شدید مشکلات کا سامنا ہے، ریاست آندھرا پردیش اور اڑیسہ کے ساحلی علاقوں میں آنے والے طوفان سے ہزاروں لکڑی اور مٹی کے گھر نیست و نابود ہو گئے جبکہ ہزاروں ایکڑ پر پھیلی گنے، چاول اور کیلے کی فصل تباہ ہوگئی۔

آندھرا پردیش میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے سربراہ اے آر سکومار نے بتایا کہ 60 فیصد متاثرہ علاقوں میں بجلی بحال کی جا چکی ہے اور آئندہ 3 سے 4 دنوں میں تمام علاقوں میں بجلی بحال کر دی جائے گی۔

اڑیسہ میں اب تک ہلاک ہونیوالوں کی تعداد 3 ہی ہے تاہم آندگرا پردیش میں مرنے والوں میں تعداد بڑھ کر 38 تک پہنچ گئی ہے، ہْد ہْد کے نتیجے میں پڑوسی ممالک بنگلہ دیش اور نیپال میں بھی تباہی آئی اور بھاری جانی و مالی نقصان ہوا۔