قاہرہ (جیوڈیسک) مصر کے جزیرہ نما صحرائے سینا میں روڈ کنارے نصب بم پھٹنے سے 7 مصری فوجی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فوجی حکام کا کہنا ہے۔
کہ بم دھماکا سینا کے شورش زدہ مشرقی علاقے میں فوجی اہلکاروں کی گاڑی کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں 7 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب دھماکے کے نتیجے میں فوجی گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا، سیکیورٹی اور ریسکیو کی ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ فوج کی جانب سے محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد شدت پسندوں کی جانب سے صحرائے سینا میں پولیس اور فوجی اہلکاروں کو متعدد بار دہشت گردی کا نشانہ بنایا جاچکا ہے جس میں کئی اہلکار ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔