ملتان کے ضمنی انتخاب میں نوٹ جیت گئے اور ووٹ ہار گئے، خواجہ سعد رفیق

Khawaja Saad Rafiq

Khawaja Saad Rafiq

ملتان (جیوڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملتان میں نوٹ جیت گئے اور ووٹ ہار گئے جبکہ عمران خان کو اصولی طور پر ملتان میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ملتان میں سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ 100 عمران خان اور 100 شاہ محمود قریشی مل بھی جائیں تو ایک جاوید ہاشمی نہیں بنتا، پاکستان کو توانا کرنے کے لئے ملک کو جاوید ہاشمی کی ضرورت ہے۔

ملتان کے ضمنی انتخاب میں نوٹ جیت گئے اور ووٹ ہار گئے، گنتی کے اعتبار سے ہاشمی ضرور ہار گئے لیکن اصولوں کی جنگ عمران خان ہارچکے ہیں جنہوں نے وہاں ایسے امیدوار کا انتخاب کیا جو اسٹیٹس کو کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سمجھتے ہیں جاوید ہاشمی کی سیاست ختم ہوگئی لیکن انہیں شائد یہ نہیں پتا کہ ہاشمی سیاست کے افق پرتابندہ ستارے کی طرح زیادہ توانائی کیساتھ جگمگائیں گے۔

سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ جمہوریت کے تحفظ کے لئے تنہا سفر کیا اور لڑٓئی ہار گیا لیکن جمہوریت کی جنگ جیت گیا۔