نیو یارک (جیوڈیسک) امریکہ اور اس کے چار یورپی اتحادیوں برطانیہ، فرانس، جرمنی اور اٹلی نے افریقی ملک لیبیا میں فوری طور جنگ بندی کی اپیل کی ہے ان ممالک نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ لیبیا کے بحران کا کوئی فوجی حل نہیں ہے یاد رہے کہ لیبیا کے دارالحکومت اور دوسرے بڑے شہر بن غازی میں باغیوں اور فوج کے درمیان جاری جھڑپوں کے نتیجے میں سینکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ملک کو اربوں ڈالرز کا نقصان پہنچ چکا ہے۔
لیبیا 2011 میں معمر قذافی کے اقتدار کے خاتمے کے بعد عدم استحکام کا شکار ہے۔ اتحادی ممالک کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر مقامی اور عالمی شدت پسند قوتوں کو لیبیا میں پناہ ملتی رہی تو انتہائی جانفشانی سے حاصل کی جانے والی آزادی کو دوبارہ خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ لیبیا میں جمہوری حکومت کے سامنے جوابدہ سکیورٹی فورسز ہی ملک کو درپیش سکیورٹی چیلنجز کا سامنا کرنے کی اہل ہو سکتی ہیں۔
بیان میں ریٹائرڈ جنرل خلیفہ حفتر کی جانب سے باغیوں کے خلاف شروع کئے جانے والے آپریشن پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک نے لیبیا میں انصار الشریعہ سمیت کئی تنظیموں کو شدت پسند تنظیموں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔