لسبیلہ میں قتل مزدوروں کے ورثا کا احتجاج، پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک، ایک گرفتار

Lasbela Killed

Lasbela Killed

لسبیلہ (جیوڈیسک) لسبیلہ میں قتل کیے جانے والے مزدوروں کی لاشیں کراچی منتقل کر دی گئی تھیں جس کے بعد میتیں ایمبولینسز میں ظاہر پیر پہنچا دی گئیں۔ خان بیلہ ٹول پلازہ پر ضلعی انتظامیہ نے لاشیں وصول کر کے ورثاء کے حوالے کر دیں۔

ورثاء نے لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ دوسری طرف پولیس نے لسبیلہ میں مزدوروں کی ہلاکت میں ملوث ملزموں کی موجودگی کی اطلاع پر ساکران میں سرچ آپریشن کیا۔ ڈی پی او لسبیلہ بشیر احمد بروہی کے مطابق پولیس نے علاقے کا محاصرہ کیا تو ملزموں نے پولیس پر گولیاں برسا دیں، جوابی فائرنگ سے ایک ملزم ستار جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کے ساتھی نادر کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔

ملزموں کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، ایک عدد ٹی ٹی پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ ڈی پی او لسبیلہ کا کہنا ہے کہ دونوں ملزم مزدوروں کے قتل میں ملوث ہیں ، آخری ملزم کی گرفتاری تک اُن کا پیچھا کیا جائے گا۔