ڈاکٹر طاہرالقادری آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کل کریں گے، چوہدری پرویزالہیٰ

Chaudhry Pervaiz Elahi

Chaudhry Pervaiz Elahi

لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الہی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اسلام آباد دھرنے اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے کل اعلان کریں گے جبکہ دونوں جماعتوں کے درمیان کوئی اختلاف نہیں۔

لاہور میں عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ سربراہ عوامی تحریک سے ملاقات کے دوران مختلف امور پربات چیف ہوئی اور خاص طور پر بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی بات کی گئی جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ طاہرالقادری اسلام آباد دھرنے اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے کل اہم اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران اب کوئی جلسہ جلوس نہیں ہوگا اور اس مہینے کے احترام کو سامنے رکھتے ہوئے سیاسی سرگرمیاں معطل رہیں گی تاہم اسلام آباد دھرنا جاری رہے گا۔

چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے گزشتہ سال سیلاب متاثرہ افراد کو دیئے گئے امدادی چیک آج تک کیش نہیں ہوئے جبکہ 2010 کے سیلاب متاثرین بھی بوگس چیک لئے پھر رہے ہیں، پنجاب حکومت نے 94 ہزار چیک جاری کئے جس پر ان کے خلاف مقدمہ بننا چاہئے۔

انہوں نے ایک مرتبہ پھر پنجاب حکومت کو مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے دور حکومت کی 5 سالہ کارکردگی اور شہباز شریف اپنی 15 سال کی کارکردگی سامنے رکھ لیں تو انہیں معلوم ہوگا کہ پنجاب آج کس مقام پرکھڑا ہے، موجودہ حکمرانوں نے صوبے کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے اور سرکاری ادارے سیاست کی نظر ہوچکے ہیں۔