قومی اسمبلی، ورکنگ باؤنڈی پر بھارتی جارحیت کیخلاف بحث کی قرارداد منظور

Indian Aggression

Indian Aggression

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت کے خلاف بحث کی قرارداد وفاقی وزیر برجیس طاہر نے پیش کی۔

بحث کا آغاز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت پر پاکستان کا ردعمل کم نہیں ہو گا، دونوں ملک ایٹمی طاقت ہیں، بھارت کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ پاکستانی فورسز بھارت کو بھرپور جواب دے رہی ہیں تاہم سویلین آبادی کو نشانہ نہیں بنائیں گے۔

ایوان میں ملالہ یوسف زئی کو امن کا نوبل انعام ملنے پر خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد بھی پیش کی گئی جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ ملالہ نے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف بہادری سے آواز اٹھائی حکومت بچوں کی تعلیم کے فروغ سے متعلق ذمے داریاں پوری کرے گی۔ اس سے پہلے وقفہ سوالات کے دوران اسپیکر ایاز صادق نے وزرا کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی غیر سنجیدہ رویہ ہے۔