گوجرانوالہ : کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن شمائل احمد خواجہ نے کہا ہے کہ حافظ آباد کے دو صحافیوں کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کیلئے پولیس افسران کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ صحافیوں کے ورثاء کو مالی امداد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کے بچوں کیلئے فری تعلیم مہیا کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب گوجرانوالہ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت صدر پریس کلب طارق منیر بٹ نے کی جبکہ وفد میں سینئر صحافی اعظم بٹ ‘ نائب صدر پریس کلب ڈاکٹر عمر نصیر ‘ غلام فرید بھی شامل تھے۔ طارق منیر بٹ نے کمشنر کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے چند ماہ قبل گوجرانوالہ آمد پر پریس کلب کیلئے جگہ اور 10 لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا تھا مگر اس پر ابھی تک عمل نہ ہو سکا ہے جس کی وجہ سے صحافی برادری میں گہری بے چینی پائی جاتی ہے۔
کمشنر نے فوری طور پر سیکرٹری ٹو وزیر اعلیٰ سے ٹیلی فونک بات کی اور انہیں پریس کلب گوجرانوالہ کیلئے اراضی اور فنڈز کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ فوری طور پر فنڈز جاری کئے جائیں اور اراضی کا معاملہ بھی حل کیا جائے۔ کمشنر نے صحافیوں کو یقین دلایا کہ چند روز میں مثبت پیش رفت ہو گی۔ ا نہوں نے کہا کہ یہ رقم پریس کلب کے شایان شان نہیں لیکن حکومت پنجاب سے بات کرکے پریس کلب کیلئے مزید فنڈز بھی جاری کرائونگا اور میری خواہش ہو گی کہ گوجرانوالہ میں ایک بہترین پریس کلب کی عمارت بھی قائم ہو۔ صدر پریس کلب اور دیگر صحافیوں نے ان کا شکریہ ادا کیا۔