لاہور کی خبریں 20/10/2014

Lahore

Lahore

لاہور (جی پی آئی) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے وزارت پانی و بجلی کی جانب سے بجلی کے صارفین پر ایکولائزیشن سرچارج کی مد میں 29 پیسے فی یونٹ ٹیکس عائد کرنے کی شدید مذمت کی ہے اور کہاہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم اور بجلی کی قیمتیں کرنے کے وعدے پر اقتدار میں آئی تھی لیکن اس حکومت نے اپنے ڈیڑھ سالہ دور میں صرف بجلی کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ کرنے کا ہی کام کیااور عوام سے بدعہدی کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزارت پانی و بجلی کی طرف سے یہ بیان کہ” ایکولائزیشن سرچارج سے صارفین پر کوئی بوجھ نہیں پڑے گا” انتہائی سنگین مذاق ہے ۔ سوال پیداہوتاہے کہ اگر اس کا بوجھ عوام پر نہیں پڑے گا تو پھر کس پر پڑے گا؟۔وزارت پانی و بجلی کو ایکولائزیشن سرچارج کی مد میں چار ارب روپے حاصل ہوں گے جو کہ عوام کی جیبوں پر حکومتی ڈاکہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور اپنے منشور کو سامنے رکھ کر عوام کو ریلیف دیں اور بجلی پرایکولائزیشن سرچارج واپس لے کر بجلی کی فی یونٹ قیمت میں نمایاں کمی کی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہورطجماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاہے کہ جب تک حکمران طبقہ شاہانہ طرز حکومت چھوڑنے اور عوام کو ریلیف دینے کا راستہ نہیں اپنائے گا ، ان پر بے یقینی کی تلوار لٹکتی رہے گی ۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے عوام کا پیمانہ صبر چھلکنے کو تیار ہے اور کسی وقت بھی لاوا پھٹ سکتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی قوم کو مایوسیوں سے نکالے گی اور 21 سے 23نومبر کو مینار پاکستان کے سائے تلے مسائل کے حل کا واضح لائحہ عمل دے گی ۔ انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیاہے کہ سیاست کو یرغمالیوں کے پنجہ سے آزاد کرایا جائے اور ووٹ کی قوت کے ساتھ اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کو حاصل کیا جائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی)پاکستان تحریک انصاف لاہور کے نائب صدر انجینئر یاسر گیلانی نے لاہور نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے اقتدار کو اب کوئی نہیں بچا سکتااقتدار بچانے کے لئے ملکی سالمیت اور قومتی سلامتی کو داؤ پر لگائی جا رہی ہے ملک کے طول و عرض میں سامنے آنے والا عوامی رد عمل ثابت کررہا ہے کہ تبدیلی ناگزیر ہوچکی ہے جسے اب حکومت کسی حیلے بہانے سے نہیں ٹال سکتی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے سیاسی شعور کی بیداری کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے جنہوں نے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر طبقے کے افراد کو سیاسی جدوجہد کے لیے مائل کیا ہے اور اب وہ دن دور نہیں جب ملک سے روایتی سیاست کی رخصتی ممکن ہوگی اور پیپلز پارٹی کی طرح نواز لیگ بھی قصہ پارینہ بن جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف شاہدرہ کے مرکزی آفس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقعہ پر میاں مبشر یعقوب، منظور حسین، عدیل نواز، راز خان، لعل محمد خان، ارشاد سیٹھی، عطاء الرحمن، ساجد علی شاہین، عدنان سہیل اور حافظ شاہد اقبال بھی اجلاس میں موجود تھے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کو ہر شہر سے بھرپور پذیرائی حاصل ہورہی ہے اور ہر نئے شہر میں عمران خان کے جلسے میں زیادہ سے زیادہ عوام کی شرکت ان پر بھرپور عوامی تائید کا کھلا ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ تمام تر حکومتی پراپیگنڈے کے باوجود دھرنوں کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں ہوئی، عوام ہر صورت مڈٹرم لیکن شفاف الیکشن چاہتے ہیں اور جب بھی دھاندلی سے پاک انتخابات ہوئے تحریک انصاف کا کوئی بھی راستہ نہیں روک سکے گا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔