لندن (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا ایم کیو ایم حیدر آباد کے زونل آفس پر زونل کمیٹی کے ارکان اور دیگر ذمہ داروں سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ سندھ کے غریب ہاریوں، کسانوں اور دیگر غریب سندھیوں کو ظالم وڈیرں کے ظلم اور جبر کی زنجیروں سے آزاد کرانا چاہتے ہیں۔
اسی لئے سندھ کے وڈیرے غریب سندھیوں کو سندھ کے نام پر ایم کیو ایم کے خلاف بھڑکا رہے ہیں لیکن اب کوئی بھی طاقت انہیں سندھ کے حقوق کی جدوجہد سے نہیں روک سکتی۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ مہاجروں کے ساتھ ہونیوالی ناانصافیوں اور حق تلفیوں کے خاتمے کیلئے تحریک بنائی لیکن جب انہوں نے پورے ملک کے نظام کو دیکھا تو پتہ چلا کہ پاکستان کا پورا نظام ہی گلا سڑا اور فرسودہ جاگیردارانہ اور وڈیرانہ ہے جس میں صرف اسی کی عزت ہے جس کے پاس دولت کے انبار ہوں۔ اسی کی عدالت اور اسی کیلئے انصاف ہے جس کے پاس دولت کے انبار ہوں جبکہ غریبوں کو دوسرے درجے کا شہری سمجھا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی طاقت انھیں جدوجہد سے نہیں روک سکتی۔ تمام تر پروپیگنڈوں کے باوجود سندھی بھائیوں نے ان کا ہاتھ تھام لیا ہے اور اب کوئی بھی انہیں ان سے دور نہیں کر سکتا۔