اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کے جان بوجھ کر پاکستانی دریاوں میں پانی چھوڑنے کا کوئی ثبوت نہیں ملا، مقبوضہ کشمیر میں کوئی ایسا ڈیم نہیں جس سے پانی چھوڑا جاتا۔ محکمہ موسمیات نے بارشوں کے حوالے سے ایک مہینہ پہلے کوئی وارننگ نہیں دی تھی۔ چیئرمین نیئر بخاری کی صدارت میں سینیٹ کا اجلاس ہوا۔ سیلاب سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات پر تحریک پر بحث کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف نے کہا کہ منگلا ڈیم سے 5 لاکھ کیوسک پانی چھوڑا گیا
جس سے جہلم میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوئی اس کے علاوہ کوئی اور متبادل راستہ نہیں تھا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے صارفین پر اضافی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔ سینیٹ کا اجلاس صبح ساڑھے 10 بجے پھر ہو گا۔