لاہور (جیوڈیسک) لاہور شہر میں قیام اور سکیورٹی کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس ڈی سی او آفس کے نادر ہال میں ہوا۔ ڈپٹی سیکرٹری اظہر نذیر سلہری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سکھ 4 نومبر کو واہگہ سٹیشن سے ننکانہ صاحب جائیں گے اور 7 نومبر کو گورودوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال جائیں گے اور 9 نومبر کو واپس لاہور پہنچیں گے۔ لاہور میں سکھ یاتری گورودوارہ ڈیرہ صاحب، گورو رام داس، ٹرسٹ ماڈل سکول راوی ٹاؤن، نواز شریف سکول، سٹی مسلم لیگ ہائی سکول اور عائشہ صدیقہ ڈگری کالج میں قیام کریں گے۔
ڈی او (سی) صاحبزادی وسیمہ عمر نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ سکھ یاتریوں کے لئے میڈیکل کیمپ لگائے جائیں اور جس جگہ پر انہوں نے قیام کرنا ہے وہاں پر ڈینگی سپرے کیا جائے۔ سکول کی لیٹرینوں کی مناسب صفائی ستھرائی کی جائے اور چوبیس گھنٹے وہاں پر صفائی عملہ موجود ہو، بسوں اور کوسٹروں کا انتظام بھی کیا جائے۔ ریونیو پٹواری بھی سکھ یاتریوں کے ساتھ ڈیوٹی انجام دیں گے۔