کراچی (جیوڈیسک) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ عمران خان اپنے دھرنے کی ناکامی کو دوسرے سیاستدانوں پر تنقید کر کے کامیابی میں تبدیل نہیں کرسکتے۔ عمران خان کا شمار پاکستان کے بزدل ترین سیاستدانوں میں ہوتا ہے۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان طالبان کو دہشت گرد تک کہنے کی ہمت نہیں رکھتے۔ تحریک انصاف کی رہنما زہرہ شاہد کے قتل کی ایف آئی آر تک درج کرانے کی ان میں ہمت نہیں۔ زہرہ شاہد قتل کیس کی ایف آئی آر بھی سندھ حکومت نے اپنی مدعیت میں درج کرائی اور سندھ حکومت نے ہی زہرہ شاہد کے قاتلوں کو ملزمان کو گرفتار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے جلسے کے دوران زہرہ شاہد کا ذکر تک نہیں کیا، خیبر پختون خواہ میں عمران خان کی حکومت ہے اور دہشت گرد وہاں دھندناتے ہوئے جیل سے قیدی لے جاتے ہیں۔ شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان اور ان کی حکومت اس پر بھی ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی رہی۔
وہ خود کہتے ہیں کہ انہوں نے خیبر پختون خواہ سے نئے پاکستان کا آغاز کیا ہے۔ عمران خان خیبر پختونخواہ میں اپنے دونوں بیٹوں کو اسکول اور کالجز میں داخلہ دلوائیں اور اپنے بیٹوں کو خیبر پختونخواہ کے نئے پاکستان میں رہائش اختیار کرائیں۔