کراچی (جیوڈیسک) سربراہ پاکستان سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ فیصل قادری کے قاتل بچ نہیں سکیں گے، عدالت کے دروازے پر دستک دے دی ہے، سنی تحریک کے کارکن لاوارث نہیں، اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں، فیصل قادری کے قتل میں ملوث ایس ایچ او کو گرفتار کرکے عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے، نیو کراچی میں کسی بھی کارکن پر آنچ آئی تو اس کا پرچہ پولیس کے خلاف کٹوائیں گے۔
یہ بات انہوں نے سنی تحریک کے کارکن فیصل قادری کی نماز جنازہ کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ثروت قادری نے کہا کہ کارکنان پر امن رہیں، ہم قانون ہاتھ میں نہیں لینا چاہتے لیکن انصاف لینے کیلئے خاموش نہیں بیٹھیں گے ، مقتول فیصل قادری سے جو موٹر سائیکل ملی ہے وہ چوری یا ڈکیتی کی نہیں بلکہ مقتول کے بھائی کی ہے، پولیس حقائق پر پردہ ڈالنے کیلئے جھوٹ پر مبنی بیانات دے رہی ہے۔