بدین (جیوڈیسک) سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی آواز نے مجھے نیند سے بیدار کردیا ہے اور وہ بلاول بھٹو کی آواز پرلبیک کہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ بلاول بھٹو زرداری کے جانثار ہیں وہ خون کے آخری قطرے تک بلاول بھٹو زرداری کی حفاظت کریں گے، انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا مستقبل روشن ہے وہ پاکستان کا مستقبل اور نوجوانوں کے لیڈر ہیں اور ملک کے آئندہ وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری کا سند ھ میں کوئی مستقبل نہیں، میں نے لندن میں بھی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ عمران خان اچھی بیٹنگ کرتے ہوئے چھکے کی لالچ میں باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوجائیں گے، انہوں نے کہا کہ وہ ایک بار پھر بلاول کی پرجوش تقریر کے بعد دھوم دھام سے سیاست کے میدان میں آگئے ہیں، میں محترمہ بی بی بےنظیر بھٹو شہید رانی کا جانثار تھا اور بلاول بھٹو زرداری کا بھی جانثار رہوں گا، جب تک میرے جسم میں خون کا ایک بھی قطرہ ہے میں بلاول کا جاں نثار رہوں گا۔