لندن (جیوڈیسک) برطانوی شاہی خاندان سے جڑی کوئی بھی خبر دنیا بھر میں دلچسپی کا باعث بن جاتی ہے اور تاج برطانیہ کے چشم و چراغ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین کے ہاں دوسرے بچے کی اپریل میں پیدائش کی خبر ایک بار پھر دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔
شاہی محل سے ڈیوک اینڈ ڈچز آف کیمرج کے ہاں اپریل میں دوسری اولاد کی نوید تو سنادی گئی ہے تاہم اس میں بچے کے جنس کوخفیہ رکھا گیا ہے، پرنس آف ویلز کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اس بات کا بہت خوشی سے اعلان کر رہے ہیں کہ ان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش اپریل میں متوقع ہے جب کہ شہزادہ ولیم کے ہاں پہلے بیٹے جارج کی پیدائش جولائی 2013 ہوئی تھی۔
نئے برطانوی قوانین کے مطابق اگر شہزادہ ولیم کے ہاں بیٹی کی بھی پیدائش ہوتی ہے تو وہ چوتھے نمبر پر شاہی تاج کی حق دار ہوں گی، ترتیب کے مطابق شہزادہ چارلس سب سے پہلے برطانوی تخت کا تاج اپنے سر سجائیں گے اس کے بعد شہزادہ ولیم، پھر شہزادہ جارج اور اس کے بعد نیا آنے والا مہمان شاہی تاج کا حق دار ہوگا۔