افغانستان کی دوسری مرتبہ سرحدی خلاف ورزی، مارٹر گولوں سے ایک شخص جاں بحق

Border

Border

باجوڑ ایجنسی (جیوڈیسک) افغانستان نے ایک مرتبہ پھر سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی سرحدی علاقے پر مارٹر گولے فائر کیے جس سے ایک شخص جاں بحق جبکہ مکان کو جزوی نقصان پہنچا۔

حکام کے مطابق صوبہ کنڑ سے نامعلوم افراد کے جانب سے فائر کئے گئے دو مارٹر گولے تحصیل ناوگئی کے سرحدی علاقہ بابڑہ میں ایک شخص شینا خان کے گھر پر گرے جس سے شیر علی خان جاں بحق ہو گیا ہے۔ مارٹر گولے گرنے سے مکان کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

مارٹر گولے گرنے کی وجہ سے مقامی لوگوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ مارٹر گولے کس نے فائر کئے۔ واقع کے فوراً بعد مقامی امن کمیٹی کے رضاکار حرکت میں آ گئے اور انھوں نے پاک افغان سرحدی علاقوں میں مشتبہ افراد کے خلاف سرچ آپریشن شروع کیا۔

گزشتہ سولہ گھنٹوں کے دوران افغانستان کے مشرقی صوبہ کنڑ سے باجوڑ ایجنسی کے سرحدی علاقوں کی یہ دوسری بار خلاف ورزی ہے۔ پیر کے شام افغانستان کے صوبہ کنڑ سے شدت پسندوں کے ایک گروپ نے تحصیل ماموند کے سرحدی علاقہ غاخی میں سیکورٹی فورسز کے ایک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں سیکورٹی فورسز کے تین اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ پیر کے رو ز ہونے والے حملہ کی زمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔