لاہور (جیوڈیسک) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملک کے ہر بچے اور کمیونٹی کے ہر فرد کوپینے کے صاف پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ 50 فیصد سے زائد آبادی کو صاف پینے کا پانی میسر نہیں اور بڑی تعداد میں بیماریاں صاف پانی نہ ملنے سے پیدا ہورہی ہیں۔ انہوں نے تجویز کیا کہ قومی اسمبلی میں قانون سازی کر کے آئین میں یہ ذمہ داری درج کردینی چاہئے کہ آنے والی حکومت اگلے پانچ سال میں عوام کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سینٹ جان بوائز سکول یوحنا آباد میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے 70 فیصد بچے سکول نہیں جارہے۔ انہوں نے طاہر القادری کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کو سراہتے ہوئے کہا کہ جو بھی سیاسی قوتیں سسٹم کو تبدیل کرنا چاہتی ہیں وہ پہلے خود کو قانون اور آئین کے دائرے میں ڈھالیں ۔ قبل ازیں گورنر ہاؤس میں ترک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکی کے تجربات سے استفادہ کرنے کا خواہاں ہے۔