جے للتیا کے غم میںمرنے والوں کے لواحقین کو معاوضہ دینے کا اعلان

Jayalalithaa

Jayalalithaa

نئی دہلی (جیوڈیسک) تامل ناڈو کی سابق وزیراعلیٰ جے للتیا نے اپنی قید کے غم میں جان سے جانے والے 193 افراد کے لواحقین کو فی کس 3 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کر دیا۔ تامل ناڈو کی سابق وزیراعلیٰ جے للتیا کو گزشتہ ماہ کرپشن الزامات پر 4سال کیلئے جیل بھیجا گیا تھا۔

جس پر تامل ناڈوکی سڑکوں پر شدید عوامی ردعمل سامنے آیا۔ پارٹی کا دعویٰ ہے کہ جے للیتا کے جیل جانے کے غم میں کئی کارکنوں نے سر منڈوائے، روزے رکھے، کئی نے جیل کے باہر ڈیرے ڈال لیے جبکہ 193 افراد یہ صدمہ برداشت ہی نہ کرسکے اور جان سے چلے گئے۔

جے للیتا کی پارٹی کا دعویٰ ہے کہ اس صدمے میں 139 کارکن دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوئے۔ ان میں 17 نے خودسوزی کی، 20 نے خود کو سولی پر لٹکا لیا جبکہ 9 افراد نے زہر پی کر زندگی کا خاتمہ کیا۔ ضمانت پر رہائی کے بعد جے للیتا نے اپنے جاں نثار کارکنوں اور ہمدردوں کے لواحقین کو معاوضہ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے وعدہ کیا کہ ان کی محبت میں زندگی ختم کرنے والوں کے لواحقین کو فی کس 4800 ڈالرز یعنی 2 لاکھ 94 ہزار روپے معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ دوسری طرف جے للیتا کے مخالفین نے 193 افراد کی خودکشی کی رپورٹس کو مبالغہ آرائی پر مبنی قرار دیا ہے۔