بنوں (جیوڈیسک) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان بار بار اعلان کر چکا ہے کہ بارڈ پر امن چاہتے ہیں تاہم اگر بھارت کی جانب سے جب بھی سرحدی خلاف ورزی ہو گی اس پر خاموشی کے بجائے بھرپور انداز میں جواب دیا جائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان بارڈر پر کسی بھی قسم کی جنگ یا جھڑپ نہیں چاہتا اور ہمیشہ سرحد پر امن کی بات کرتا ہے تاہم اگر سرحد پار سے جارحیت کی جائے گی تو اس پر خاموش نہیں بیٹھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن “ضرب عضب” جلد مکمل کرلیا جائے تاہم آپریشن کے حوالے سے کوئی ٹائم فریم نہیں دیا تھا اور یہ اپنے پلان کے مطابق درست سمت کی جانب گامزن ہے جبکہ آپریشن کے دوران اب تک 1100 دہشتگردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ خیبر ایجنسی کے ان علاقوں میں خفیہ اطلاعات پرآپریشن جاری ہے جہاں دہشتگرد دوبارہ پاؤں جمانے کی کوشش کر رہے تھے جبکہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب سے قبل بعض دہشتگرد علاقہ چھوڑ کر افغانستان کے راستے کوکل خیل اور وادی تیرا میں اکھٹے ہوگئے اور ایک منصوبے کے تحت ان کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کو تمام سہولیات دینا چاہتے ہیں اور ان کی اپنے علاقوں میں واپسی ترجیح ہے۔