کراچی (جیوڈیسک) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے بھارت کو للکارتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے خلاف اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے ہروقت تیار ہے اور ضرورت پڑنے پر دشمن کے خلاف اپنے جوہری ہتھیار استعمال کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا رویہ کبھی جارحانہ نہیں ہوتا تاہم بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کا رویہ جارحانہ ہے وہ پاکستان اور مسلمانوں کے مخالف ہیں لہذا انہیں اپنا طریقہ کار بدلنا ہوگا کیونکہ نریندر مودی پاکستان کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کے ساتھ پراکسی جنگ لڑرہے ہیں جس کے ذریعے دشمن ہمیں غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے کیونکہ بھارت پاکستان میں انتشار کا خواہش مند ہے۔
پرویز مشرف نے کہا کہ پاکستان بھارت کے خلاف اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہے اور ضرورت پڑنے پر کبھی بھی اپنے دشمن کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے سے گریز نہیں کرے گا، پاک فوج مشرقی سرحد پر ہمیشہ چوکس رہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی خطرے سے نمٹنا جانتے ہیں اور پاکستانی قوم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔