گجرات کی خبریں 22/10/2014

Gujrat

Gujrat

نئے انتخابات کرانے کے لیے حکومت خود مجبور ہوجائے گی، کارکنان بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں۔ چودھری شجاعت حسین
گجرات(جی پی آئی)مسلم لیگ کے صدر وسابق وزیر اعظم پاکستان سینیٹر چوہدری شجاعت حسین نے کہاہے کہ مڈٹرم الیکشن حکومت کی خواہش پر ہوتے ہیں آنے والے وقتوں میں حکومتی کارکردگی مزید خراب ہوگی ۔نئے انتخابات کرانے کے لیے حکومت خود مجبور ہو جائے گی کارکنان مڈٹرم الیکشن کے چکروں میں نہ پڑیں اور بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں۔ مسلم لیگ بھرپور انداز میں ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے گی۔ہم تمام صوبوں میں کامیابی حاصل کرینگے۔الیکشن مہم شروع کردی ہے محرم کے بعد پنجاب سمیت سندھ بھر میں جلسے کرینگے، حکومت وقت اس وقت جلسے جلوسوں کی وجہ سے سیاسی دبائو کا شکار ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پرحلیم عادل شیخ کی قیادت میں سندھ کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے چالیس رکنی وفد سے ملاقات میں کیا۔چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں خواتین کو نمائندگی دینگے ۔اس موقع پر مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ ،جنرل سیکرٹری سندھ غلام سرور سیال، سیکرٹری ایڈمنسٹریشن سندھ نعیم عادل شیخ ،آغا رفیع اللہ ،شاہد عباسی ،سلطان بھٹی ، مہرا ن ملک ، واصل خا ن ،ندیم منگی ، شیخ اقبال ،ریاض پالاری ،فریدقریشی ،خادم ترک ،رانا زوالفقار جبکہ خواتین میں لیڈیز ونگ کی صوبائی صدر فریدہ لغاری،تسلیم زہرہ ،ڈاکٹر نسیم ،ڈاکٹر روبینہ سمیت دیگر لیگی عہدیداران ملاقات می شریک تھے جنھوں نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل اور سیاسی صورتحال سے چودھری شجاعت سے گفت وشنید کی ۔اس موقع پر سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی جانب سے چودھری شجاعت حسین کو سندھ کے دورے کی دعوت بھی دی گئی ۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ کارکنان ہمارا اثاثہ ہیں،ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر ڈالنے کا فارمولہ ہمارے پاس ہے۔#
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اذان کا جواب دینے والے کیلئے بہت ثواب ہے علامہ محمد الیاس قادری
اپنی روز مرہ کے معمولات اورکاروبارکی شرعی رہنمائی ضرور حاصل کریں ،مولانا محمد عمران عطاری
گجرات (جی پی آئی )شیخ طریقت امیراہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری نے کہا ہے کہ جب بھی اذان کی آواز آئے تو اپنی گفتگو موقوف کردیں اور اذان کا احترام کرتے ہوئے اس کا جواب بھی دیں ۔اللہ عزوجل کی رحمت سے ہر کلمے کے بدلے عورتوںکے نامہ اعمال میں ایک لاکھ نیکی لکھ لکھی جائے گی ، ایک ہزار درجات بلند ہوں گے اور ایک ہزار گناہ معاف ہوں گے۔اگر اسلامی بھائی یہ عمل کریں گے تو انہیں دگنا اجر ملے گا۔وہ دعوت اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میںمنعقدہ مدنی مذاکرے کے دوران مختلف سوالات کے جوابات دے رہے تھے ۔ایک سوال کے جواب میں مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطاری نے کہا کہ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ اپنے روز مرہ کے معاملات میں شرعی رہنمائی لیںکیوں کہ بعض اوقات ہم کسی کام کے معاملے میں ذہنی طور پر مطمئن ہوتے ہیں مگر اس میں گناہوں کی صورت پیدا ہوجاتی ہے ۔جس کا ہمیں علم نہیں ہوتا ۔الحمد للہ عزوجل دعوت اسلامی کی جانب سے دارالافتاء اہلسنت میں موجود مفتی صاحبان مسلمانوں کی رہنمائی کیلئے ہمہ وقت موجود رہتے ہیں ۔اپنی روز مرہ کے معمولات اورکاروبارکی شرعی رہنمائی کیلئے 0300-0220112-5 نمبر پر کال کرکے رجوع کرسکتے ہیں ۔ مدنی مذاکرے کے دوران امیر اہلسنت نے اسلامی بھائیوں کو سلسلہ عالیہ قادریہ عطاریہ میں بیعت کیا۔ امیر اہلسنت نے شرکاء مدنی مذاکرہ کو نیکی کی دعوت عام کرنے کیلئے سنتوں کی تربیت کے مدنی قافلوں میں سفر ،اپنے کردار کی اصلاح کرنے اور خود کو نیک بنانے کیلئے مدنی انعامات پر عمل کرنے کی ترغیب دی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شہبازشریف کو پھر چیلنج، پنجاب کی ترقی کے ہمارے انقلابی کاموں کو ریورس گیئر لگا دیا: چودھری پرویزالٰہی
گجرات(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے یہاں مسلم لیگ ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران پنجاب میں اپنی 5 سالہ حکومت اور شہبازشریف کے 15 سالہ دور کا ہر شعبہ میں مکمل اعداد و شمار کے ساتھ موازنہ پیش کرتے ہوئے شہبازشریف کو ایک بار پھر ٹی وی اور میڈیا کے سامنے مناظرہ کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پنجاب میں ترقی اور غریب و عام آدمی اور اس کے بچوں کی بہتری کے ہمارے انقلابی کاموں کو ریورس گیئر لگا دیا، ہمارے دور کا سرپلس صوبہ اب مقروض ہے، بلوچستان میں پنجابیوں کی خونریزی اور غربت سے تنگ لوگوں کی بچوں سمیت خودکشیوں پر حکمرانوں کی بے حسی شرمناک ہے، شہبازشریف نے مفت تعلیم، مفت ادویات، کسانوں کی سبسڈی، پٹرولنگ پوسٹوں کا پٹرول، صحافی کالونیوں، پسماندہ علاقوں کے فنڈز، بار ایسوسی ایشنوں کی گرانٹس اور وکلاء کا مفت علاج بند کر کے سب فنڈز جنگلہ بس جیسے شوبازی کے منصوبوں پر ضائع کر دئیے، جنگلہ بس سروس کو سالانہ 12 ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے یہ نئی پی آئی اے ہے کیونکہ پی آئی اے میں ہر سال 10 ارب کا نقصان ہوتا ہے، صوبہ کی تیزی سے مزید تباہی پر خاموشی جرم ہے، پنجاب کے نام پر حکومت حاصل کرنے والوں نے پنجاب کو برباد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف اینڈ کمپنی نے امن کے گہوارے کو مجرموں کو جنت بنا دیا، مظلوم کی دادرسی نہیں ہو رہی، میرے کسی اچھے کام کو آگے نہیں بڑھایا، پنجاب میں کتنے پاورپلانٹس کا افتتاح کیا لیکن کسی سے ایک میگاواٹ بجلی پیدا نہیں ہو رہی، ہمارے بنائے گئے ہسپتال اور کالج چالو نہیں کیے جا رہے۔ پریس کانفرنس میں طارق بشیر چیمہ ایم این اے، محمد بشارت راجہ، چودھری ظہیرالدین، احمد یار ہراج، میاں منیر اور دیگر مسلم لیگی رہنما موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ان حکمرانوں کی نااہلی اور انتقام کا سب سے بڑا نشانہ غریب عوام، محنت کش اور کسان ہیں، یہ گنے کی بجائے چینی کی قیمت بڑھاتے ہیں، پھٹی اور کسانوں کی دیگر فصلیں مقررہ قیمت پر نہیں خریدی جاتیں جبکہ ہم نے بے زمینوں کو اراضی، سستی کھاد، ٹیل تک پانی، لیزر لیولر، بجلی پر سبسڈی دی، پختہ کھالے بنوائے۔ انہوں نے پنجاب حکومت کی ناقص کارکردگی اور عوامی حقوق کی پامالی کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 6 کا اطلاق ان پر ہونا چاہئے جنہوں نے بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے بلکہ بلدیاتی قوانین بھی نہیں بنائے۔ انہوں نے کہا کہ میرے دور کے پروگراموں اور منصوبوں کی ورلڈبینک، ایشیائی ترقیاتی بینک سمیت عالمی اداروں نے تعریف اور پذیرائی کی، ہمارا ایجوکیشن پروگرام ہارورڈ یونیورسٹی میں پڑھایا جاتا ہے، ہمارا ویژن اور پروگرام صوبہ کو پندرہ بیس سال میں سوشل ویلفیئر سٹیٹ بنانا تھا اور ہر کام کا محور و مرکز غریب و عام آدمی اور ان کے بچے تھے، پنجاب میں شرح خواندگی 2002ء میں 47 فیصد سے 2007ء میں 62 فیصد ہو گئی جو اب صرف 50 فیصد ہے، ہم نے پراسکیوشن سروس، کنزیومو کورٹس، ٹریفک وارڈن سروس، صحافیوں کیلئے کالونیاں بنائیں، 80ہزار ایکڑ زمین غریبوں میں تقسیم کی، اہم شعبوں میں ویژنـ2020 دیا تھا اس کے باوجود صوبہ 100 ارب کا سرپلس تھا جو اب 7 سو ارب روپے کا مقروض ہے، عام آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی مشکل ہے، ہمارے زیرتکمیل منصوبے مکمل کرنے کی بجائے سستی روٹی، تنور، کالی پیلی ٹیکسی اور دیگر فلاپ سکیموں پر اربوں روپے ضائع کر دئیے، ہمارے قائم کردہ 28 ڈگری کالجوں کو وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال کی طرح سٹاف نہیں دیا، NFC ایوارڈ ہمارے دور سے اب بہت زیادہ ہے اس کے باوجود ہم صوبے میں خوشحالی لائے۔ انہوں نے ARY کی بندش کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہر مخالف کی آواز دفن کرنا چاہتے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والوں کو ذاتی ملازم بنا کر امن و امان تباہ کر دیا گیا ہے، سب سے زیادہ کرائم ریٹ پنجاب میں ہے، ہمارے دور میں کبھی ماڈل ٹائون یا محرم میں راولپنڈی جیسا سانحہ نہیں ہوا، ان کی وجہ شہبازشریف کی نااہلی ہے، گڈگورننس کا ڈھنڈورا پیٹنے والی حکومت اپنے ہی خفیہ اداروں کی رپورٹ پڑھ لے تو اس کی آنکھیں کھل جائیں، صوبے میں جرائم میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، رپورٹ کے مطابق رواں سال جولائی تک 1لاکھ 98 ہزار جرائم رپورٹ ہوئے، 91 ہزار کی FIR درج کرنے سے انکار کر دیا گیا، 6 ہزار اغوا، 3 ہزار قتل، 1150 ریپ، 110گینگ ریپ ہوئے، روزانہ تقریباً 200 گاڑیاں، 600موٹرسائیکل، 3500 کے قریب موبائل فون چھین لیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف حکومت کی کوئی ترجیحات نہیں، عوام کو پینے کا صاف پانی اور ادویات بھی نہیں مل رہیں، شہبازشریف شاید یہ بھول جاتے ہیں کہ لوگ زندہ رہیں گے تو میٹرو کی ضرورت پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی فارن انوسٹمنٹ کا فیصل آباد جا کر بھی ڈھنڈورا پیٹا گیا لیکن 6 ماہ میں 6 روپے بھی انوسٹمنٹ نہیں آئی، حقیقت اس پاکستانی سرمایہ کار سے پوچھیں جس کے ساتھ معاہدہ ہوا تھا، ہمارے دور میں فرسٹ ٹائم ان پاکستان کے تحت چھتیس پروگرام شروع کیے گئے اور پنجاب پاکستان کی جی ڈی پی کو سہارا دیتا تھا جبکہ آج پنجاب پاکستان پر بوجھ بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام اس نتیجہ پر پہنچ چکے ہیں کہ شہبازشریف اینڈ کمپنی عوام کے حالات بد سے بدتر اور لوگ غریب سے غریب تر کرتی جائے گی لیکن ہم نے پنجاب کے عوام کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے اور یہ حقوق انہیں واپس دلوائیں گے، وسائل کی بندر بانٹ سب سے بڑی بددیانتی ہے جس کا قلع قمع کریں گے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)مروجہ تعلیمی نظریات کو بدلتی دنیا کی جدید ضرورتوں سے ہم آہنگ کرنے کی اشدضرورت ہے جامعہ گجرات کے جی ٹی روڈ سائنس کالج کو عصری تقاضوں کا نمائندہ کالج بنانے کی ہر ممکن کوشش کروں گا۔ سائنس کالج کے پرنسپل کے طور پر میرا انتخاب میرے لیے اعزاز ہے، یہ کالج میری دیرینہ محبت ہے، اس کالج کی سربراہی کو چیلنج سمجھ کر محبت سے نبھائوں گا۔ سائنس کالج جی ٹی روڈ کو تعلیم دوست اور سٹوڈنٹس فرینڈلی ادارہ بنانا میرا نصب العین ہے ۔ اس کالج کی عظمت رفتہ کو حیات نو بخشنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھوں گا۔ ان خیالات کا اظہار UOG جی ٹی روڈ کے پرنسپل چوہدری محمد عارف نے یونیورسٹی آف گجرات کے وفد سے ملاقات میں کیا ۔ یونیورسٹی آف گجرات کے کنٹرولر امتحانات احمد جمیل ترک نے کہا کہ چوہدری محمد عارف کی بطور پرنسپل تعیناتی جی ٹی روڈ کالج کے لیے نیک شگون ثابت ہو گی ، وہ دھیمے مزاج کے تجربہ کار منتظم ہیں۔ UOG کے ڈائریکٹر میڈیا شیخ عبدالرشید نے کہا پروفیسر چوہدری محمد عارف جیسے سینئر استاد کا پرنسپل بننا اساتذہ برادری کے لیے قابل فخر ہے ، پروفیسر عارف چوہدری شگفتہ مزاج اور شفیق انسان ہیں امید ہے کہ وہ جی ٹی روڈ سائنس کالج کو حقیقی معنوں میں اعلیٰ تعلیم کا مرکز اور مثالی ادارہ بنانے کی بھرپور کوشش کریں گے ۔ پروفیسر عارف کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ان کی کامیابیوں کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہیں۔ ایڈیشنل کنٹرولر امتحانات شہزاد ندیم نے کہا کہ پروفیسر چوہدری محمد عارف جیسے حلیم الطبع شخص سے تعلیم دوستوں کو بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔ دعا ہے کہ پروردگار انہیں نیک مقاصد میں ہر ممکن کامیابی عطا کرے۔ جی ٹی روڈ کالج سے ان کا دیرینہ رشتہ ہے وہ جی ٹی روڈ کالج کو قابل فخر ادارہ بنا کر دم لیں گے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)طلبا و طالبات کی نئی نسل میںجدید تعلیمی شعور کو پروان چڑھانا جامعات کا اہم فریضہ ہے۔ تعلیم کے نظام کو جدید مارکیٹ کی ضرورتوں سے ہم آہنگ کرنے میںحکومت کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ ٹیکنالوجی کی ترقی سے تعلیم کے جدید تصورات میں نمایاں تبدیلی آچکی ہے۔مجھے امید ہے کہ وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم کے ذریعے طلباوطالبات کو لیپ ٹاپ کی فراہمی یقینا ان کے تعلیمی افق میں وسعت کاباعث ہو گی ۔ ان خیالات کا اظہار ڈین فیکلیٹی آف آرٹس ڈاکٹر فریش اللہ نے جامعہ گجرات میںوزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت جامعہ گجرات میں زیر تعلیم ایم ایس ، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبا وطالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس تقریب میں ڈائریکٹر CS&ITڈاکٹر مدثر اقبال اور صدر شعبہ بائیو ٹیکنالوجی و مالیکولر بائیالوجی ڈاکٹر ساجد محمود نے لیپ ٹاپ کی تقسیم کے سلسلہ میں ڈاکٹر فریش اللہ کی معاونت کافریضہ سر انجام دیا۔ ڈائر یکٹر سٹوڈنٹس سروسز محمد یعقوب نے بتایا کہ سٹوڈنٹس سروسز سنٹر جامعہ گجرات کا ایک مثالی شعبہ مین چکاہے اور دن رات طلباو طالبات کی فلاح و بہبود کے لیے کام کررہاہے۔ ہمارا فریضہ ہے کہ ہم طلبا و طالبات کو ہر قدم پر مشکلات کا سامنا کیے بغیر انکی طلب علم راہوں پر ان کے معاون و مددگار ثابت ہوں۔ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندہ راحیل رضاکوآرڈینیٹربرائے وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم نے کہا کہ جامعہ گجرات کے ایم اس ،ایم فل اور پی ایچ ڈی سطح پر زیر تعلیم طلباو طالبات کے درمیان پہلے مرحلہ میں کل 509 لیپ ٹاپ دئیے گئے ہیں۔جامعہ گجرات کے تقریباً1697طلبا وطالبات میںاس سکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔ یہ تمام لیپ ٹاپ میرٹ پر تقسیم کیے جارہے ہیں۔حکومت پر سطح پر میرٹ کو اولیںتر جیح دے رہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)جامعہ گجرات کا مقصد اولیں طلباو طالبات کی نوجوان نسل کو زندگی کی عملی راہوں کی جانب راغب کرناہے۔ تحقیقی واختراغی بنیادوں پر استوار عملی کاروبار کامیابی کے زینوں کو چھوتا ہے۔ جامعہ گجرات فارغ التحصیل ہو نے والے طلباو طالبات کے مستقبل پر خاص توجہ دے رہی ہے۔ فارغ التحصیل طلبا و طالبات کے لیے سب سے بڑا مسئلہ حصول روزگار ہے۔ جامعہ گجرات میں قائم ORIC طلباو طالبات کو زندگی گزرانے کی نئی راہوں سے آشناکرنے میں پیش پیش ہے۔ ان خیالات کااظہار رجسٹرار جامعہ گجرات ڈاکٹر عقیل نے ORICکے زیر اہتمام انٹل پاکستان کارپوریشن کے اشتراک سے منعقدہ دوروزہ تر بیتی ورکشاپ انٹل یوتھ انٹرپرائز میںشامل طلباوطالبات میں تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔اس ورکشاپ میں جامعہ گجرات کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے تقریباً90 طلباو طالبات کے شرکت کی۔ اس ورکشاپ کا مقصد طلباو طالبات کو کامیاب کاروبار شروع کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا تھا۔ڈائریکٹر ORIC ڈاکٹر مدثر اقبال نے کہا کہ ORICکا مقصد جامعہ گجرات کے طلبہ میں تحقیقی و اختراعی رجحانات کو فروغ دیتے ہوئے ان کی تمام تر صلاحتیوں کو بروئے کار لانا ہے۔ کوئی بھی بزنس شروع کرتے ہوئے خیال اور وقت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔پاکستان میں لوگ ذاتی کاروبار کی بجائے نوکریوں کو ترجیح دیتے ہیں۔ORIC اس مروجہ تصور کو بدلنے کی کوشش کر رہاہے۔ آج کی ورکشاپ کامقصد بھی طلباو طالبات میں کاروباری رجحانات کو فروغ دینا ہے۔ شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے صدر ڈاکٹر مبشر حسین نے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہے۔ طلباو طالبات کی نوجوان نسل کو بہترین تعلیم کے زیور سے آراستہ کرتے ہوئے ORICطلباو طالبات کے وسیع تر مفاد میں ایسے منصوبہ جات شروع کر رہا ہے۔ جس سے انھیں عملی زندگی کی شروعات کرنے میں کوئی دقت پیش نہ آئے ۔ اس تقریب میں رجسٹرار ڈاکٹر طاہر عقیل نے ورکشاپ میںشرکت کرنے والے طلباو طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔