لاہور (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ ملک میں متناسب نمائندگی کا نظام رائج کیا جائے، اس سے سیاسی جماعتوں کی شکایات کا خاتمہ اور ووٹر زکی بھرپور نمائندگی ہوگی جبکہ موجودہ انتخابی نظام پر اٹھائی جانیوالی دھول بھی بیٹھ جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جماعت اسلامی لاہور کے ضلعی ذمہ داران کے اجتماع عام کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام میں دھاندلی کی گنجائش بہت زیادہ ہے۔
متناسب نمائندگی کے نظام میں ہرووٹر کی رائے نتیجہ خیز ہوتی ہے۔ ایک ایک حلقے میں ذات، برادری اور پیسے کی بنیاد پر سیاسی تماشے لگانے کے بجائے سیاسی جماعتیں اپنے پروگرام اور منشور پر ووٹ لیں گی۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے صحافیوں، طلبہ اور جناح ہسپتال کے ملازمین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ میں پی پی پی، ایم کیو ایم جھگڑا عوام کو بے وقوف بنانے کا نیا ڈرامہ ہے۔ انٹر میڈیٹ طلبہ و طالبات کے پیپر چیکنگ کا جائزہ لیا جائے۔