شمالی وزیرستان میں ٹنوں بارودی مواد موجود ہے، جنرل عاصم سلیم باجوہ

Asim Saleem Bajwa

Asim Saleem Bajwa

بنوں (جیوڈیسک) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے، اب تک گیارہ سو دہشت گرد مارے جاچکے ہیں، شمالی وزیرستان میں ٹنوں کے حساب سے بارودی مواد ہے جسے ناکارہ بنانےمیں وقت لگ رہا ہے۔

آپریشن کے خاتمے کوئی ٹائم لائن نہیں دے سکتے۔ بنوں میں پاک فوج نے آئی ڈی پیز کرکٹ میچ کا انعقاد کیا ۔میچ میں اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی اور پاک فوج کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ میچ کے بعد ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ پوری قوم نے آئی ڈی پیز کی جس طرح مدد کی وہ لائق تحسین ہے۔

آرمی چیف کی ہدایت ہے کہ آپریشن ضربِ عضب جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ ڈی جی آئی ایس پی آرنے کہاکہ کچھ دہشت گرد آپریشن شروع ہونے سے پہلے وزیرستان چھوڑ کر خیبرایجنسی چلے گئے تھے۔

خیبرایجنسی سے بھی دہشت گردوں کا صفایا کیا جارہا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل عاصم سلیم باجوہ نے بتایا کہ آپریشن میں اب تک گیارہ سو کے قریب دہشت گرد مارے جاچکے ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گرد جہاں جہاں اکٹھے ہوں گے وہاں وہاں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔