سیالکوٹ (جیوڈیسک) ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر کی دوبارہ خلاف ورزی کرتے ہوئے انڈین سیکیورٹی فورسز نے پاکستان کے دیہی علاقوں میں سویلین آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جمعرات کو ہندوستانی فورسز کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری پر شکر گڑھ اور چارواہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انڈین فوج نے دیہی علاقوں میں سویلین آبادی کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ اس قدر شدید تھی کہ مقامی آبادی کے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے، تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
پاکستانی فورسز نے بھی ہندوستانی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور چناب رینجرز کی جوابی کارروائی سے ہندوستانی گنیں خاموش ہو گئیں۔ گزشتہ روز بھی سیالکوٹ کی ورکنگ باؤنڈری پر ہندوستانی سیکیورٹی فورسز اور چناب رینجرز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔