کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا ہے وہ ایک ڈیڑھ سال میں بلوچستان کے حالات درست نہیں کر سکتے، وزیر اعلیٰ نے مولانا فضل الرحمن سے کوئٹہ میں ملاقات کر کے انہیں خود کش حملے میں محفوظ رہنے پر مبارکباد بھی دی۔
کراچی میں ایک سمینار کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ گزشتہ روز ہزارہ قبیلے کے افراد کے قتل کی ذمہ داری حکومت پر عائد نہیں ہوتی کیونکہ یہ افراد اپنی ذمہ داری پر گئے تھے۔
حکومت کو دی گئی سیکورٹی کے ساتھ جاتے تو ذمہ دار حکومت ہوتی۔ ان کا کہنا تھا سابق صدر پرویز مشرف اپنے دور میں بلوچستان کو جس عذاب میں ڈال گئے تھے اس سے نکلنے میں وقت لگے گا۔
اس سے پہلے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے کوئٹہ میں ملاقات کی اور انہیں خود کش حملے میں محفوظ رہنے پر مبارکباد دی۔