آزاد کشمیر : آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی، انکوائری کمیٹی کی سفارشات پر ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن ڈاکٹر عبد المجید نیازی کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا، کمیٹی کی سفارشات پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید دلنواز احمد گردیزی نے اس معاملے کی جوڈیشل انکوائر ی کرانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو تحریک کر دی۔
آزاد جموں و کشمیر یو نیورسٹی سٹی کیمپس کے باہر 2اکتوبر 2014کو ہونے والے ایک جھگڑے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال اور حقائق کی چھان بین کے لیے وائس چانسلر جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر سید دلنواز احمد گردیزی نے ڈین فیکلٹی آف سائنسز اینڈ انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر محمد رستم خان کی سربراہی میں ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی، کمیٹی میں ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیدر بخاری، ڈائر یکٹر سٹوڈنٹس آفیئر پروفیسر عامر فاروق،سابق ڈائر یکٹر سٹوڈنٹس آفیئرز پروفیسر اکرام رشیداور پروفیسر صدیق اعوان شامل تھے۔ کمیٹی نے واقعے کی تحقیقات کے بعد ڈائر یکٹر انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن ڈاکٹر عبد المجید نیازی کو اپنے عہدے سے فوری طور پر تاحکم ثانی معطل کیے جانے کی سفارش کی۔
جس کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید دلنواز احمد گردیزی نے توثیق کر دی، کمیٹی نے اس واقعے میں اپنی ابتدائی رپورٹ میں بیرونی عناصر کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت کے بعد معاملے کی جوڈیشل انکوائر ی کرائے جانے کے لیے بھی سفارش کی۔ جس پر وائس چانسلر جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹرسید دلنواز احمد گردیزی نے فوری طور پر ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن ڈاکٹر عبد المجید نیازی کوتا حکم ثانی معطل کرتے ہوئے جوڈیشل انکوائر ی کی منظوری دے دی۔ اس ضمن میں جوڈیشل انکوائر ی کے لیے ضلعی انتظامیہ (ڈپٹی کمشنر) مظفرآباد کو باقاعدہ تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔