بلوچ کالونی، سیمنٹ سے لدا ٹرک بے قابو ہوکر الٹ گیا

Cement Trucks

Cement Trucks

کراچی (جیوڈیسک) شہید ملت روڈ بلوچ کالونی پل پرسیمنٹ سے لداٹرک تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں شہید ملت روڈ اور اطراف کی شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعے کی علی الصباح 6 بجکر 40 منٹ پر شارع فیصل سے بلوچ کالونی پل پر چڑھتے ہوئے سیمنٹ سے لدا تیز رفتار ٹرک ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گیا جس کے نتیجے میں ٹرک ڈرائیور معمولی زخمی ہو گیا اور پورے سڑ ک پر سیمنٹ کی بوریاں اور سیمنٹ پھیل گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمی ڈرائیور کو طبی امداد کیلئے اسپتال روانہ کرکے سڑک کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا جس کے باعث، شہید ملت روڈ، شارع فیصل، ٹیپو سلطان روڈ، محمودآباد نمبر 6 اور اطراف کی شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہو گیا، بعدازاں ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے کرین کی مددسے ٹرک کو سڑک سے ہٹایا اور سڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا، تاہم کھلاسیمنٹ اور بوریاں سڑک پر ہی موجود رہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی جبکہ تیز ہواؤں کے باعث اطراف کی رہائشی آبادیوں کے مکینوں کو سانس لینے سمیت دیگر شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کھلا سیمنٹ سڑک پر موجود ہونے کے باعث سیکڑوں لوگ پولیس کی موجودگی میں بوریوں میں بھر کر سیمنٹ لیکر جانے لگے جس پر سیمنٹ فیکٹری کی انتظامیہ نے انہیں فوری طور پر روک دیا۔