پولیو ڈے پر محکمہ صحت کے تحت ریلی کا انعقاد

Polio Day

Polio Day

حیدرآباد (جیوڈیسک) انسداد پولیو کے عالمی دن کے موقع پر محکمہ صحت کی جانب سے حیدرآباد میں ریلی نکالی گئی، تفصیلات کے مطابق جم خانہ چوک سے حیدرآباد پریس کلب تک نکالی گئی ریلی کے شرکا ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اُٹھائے ہوئے تھے جن پر پولیو کے مرض سے آگاہی کے نعرے درج تھے، ریلی میں محکمہ صحت کے افسران، مختلف سرکاری و نجی اسکولوں کے طلباء و طالبات، اساتذہ اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے

جس سے بچاؤ کے لئے ہمیں اپنے 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو جیسی موذی بیماری سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوانے چاہئیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے مرض میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہورہا ہے، بعض والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلواتے جس کی وجہ سے مستقبل کے معمار عمر بھر کی معذوری کا شکار ہورہے ہیں، مقررین کا کہنا تھا کہ حیدرآباد میں سہ روزہ انسداد پولیو مہم 10 سے 12 نومبر تک جاری رہے گی، والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے دو قطرے ضرور پلوائیں تاکہ ان کے بچے عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رہ سکیں۔