لاہور( خصوصی رپورٹ)کشمیرسنٹر لاہور کے زیراہتمام آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے 67 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر حکومت کے قیام کا مقصد آزاد خطے کو بیس کیمپ بناتے ہوئے بھارت کے قبضے سے باقی ماندہ کشمیر کی آزادی کیلئے جدوجہد کرنا تھا۔ بھارت کی پاکستان کیخلاف حالیہ جارحیت کا مقصد پاکستان کو کمزور بناتے ہوئے کشمیر پر اپنے قبضے کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
تقریب سے پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری غلام محی الدین دیوان’جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن)لاہور بیگم زرقا جاوید’ مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کے سینئر رہنما غلام عباس میر’ ڈائریکٹر کشمیر سنٹر لاہور سردار ساجد محمود’ آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے مرکزی نائب صدر مرزا محمد صادق جرال’سینئر نائب صدر لاہور سرکل حاجی محمد اقبال قریشی ‘جموں وکشمیر وکلاء محاذ کے صدر راجہ شیر زمان ایڈووکیٹ’ کشمیر کمیٹی ہائیکورٹ بار کے صدر منظور حسین گیلانی ایڈووکیٹ’جماعت اسلامی آزاد کشمیر پنجاب کے صدر اعجاز احمد کیانی’ مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر لاہور ڈویژن کے صدر راجہ شہزاد احمد’حریت کانفرنس کے نمائندہ انجینئر مشتاق محمود’جے کے ایل ایف پنجاب کے صدر سردار انور خان’پیپلز پارٹی لاہور سرکل کے صدر فاروق آزاد’ سردار نجیب اکبر ایڈووکیٹ’جاویداقبال’ عبداللطیف چغتائی’ مبشر منیراعوان ایڈووکیٹ اور تجمل حسین قریشی نے خطاب کیا۔
غلام محی الدین دیوان نے کہا کہ کشمیر کی مکمل آزادی کیلئے ہر سیاسی جماعت اور مکتب فکر کے لوگ ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں۔ غلام عباس میر نے کہا کہ ہماری کو تاہیوں کے باعث عالمی سطح پر کشمیر کا مسئلہ کمزور ہو رہا ہے۔ بیگم زرقا جاوید نے کہا کہ آزادی اس وقت تک ہمارا مقدر نہیں بن سکتی جب تک ہر کشمیری ایک وژن پر متفق نہ ہو جائے۔
سردار ساجد محمود نے کہا کہ کشمیر سینٹر تمام سیاسی و سماجی جماعتوں کا متفقہ پلیٹ فارم ہے۔ آج 67 ویں یوم تاسیس کے موقع پر اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ کشمیر کی مکمل آزادی تک بھارتی تسلط کیخلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اعجاز احمد کیانی نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کے دادانے جہادِ کشمیر کے دوران شہادت پائی اور ان کی قبرآج بھی نانگا پیر میں موجود ہے۔ مرزا صادق جرال نے کہا کہ مودی نے اپنی انتخابی مہم پاکستان کی مخالفت میں چلائی ہمیں بھی اپنا انتخابی منشور بھارت کیخلاف بنانا چاہیے۔ سردار نجیب اکبر ایڈووکیٹ نے کہا کہ دنیا بھرمیں مقیم کشمیری کشمیر کے سفیر ہیں۔ انہیں ہرجگہ آزادیٔ کشمیر کی بات کرنی چاہیے۔
انجینئر مشتاق محمود نے کہا کہ کنٹرول لائن نے کشمیریوں کو دوحصوں میں بانٹ دیا ہے۔ اس لائن کو ہرصورت ختم ہونا چاہیے۔ منظور حسین گیلانی نے کہا کہ دنیا میں پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں۔ پاکستان کی کمزوری سے تحریکِ آزادیٔ کشمیر کو نقصان پہنچے گا۔ راجہ شیر زمان نے کہا کہ کشمیر سنٹر کو تمام سیاسی وسماجی جماعتوں کے رہنمائوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ سردار انور خان نے کہا کہ کشمیر کی تحریک آزادی کشمیریوں کے خون سے رنگین ہے اور ہر روز اس رنگینی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
راجہ شہزاد احمد نے کہا کہ سید علی گیلانی اور ان جیسے دیگر حریت رہنمائوں کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے کشمیر کو آزاد کروایا جاسکتا ہے۔ مبشر منیر اعوان ایڈووکیٹ نے کہا کہ نواز شریف اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے پر اور بلاول بھٹوجلسۂ عام میں کشمیر کے حوالے سے بات کرنے پر خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔
عبداللطیف چغتائی نے کہا کہ لاہور میں مقیم کشمیری کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کیلئے کشمیر سنٹر کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ تقریب کے اختتام پر بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن پر فائرنگ اور گولہ باری کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے متفقہ قرارداد منظور کی گئی اور بھارت کی مذموم کارروائیوں کے نتیجہ میں شہید ہونے والوں کیلئے خصوصی طور پر دعائے مغفرت کی گئی۔