لاہور (جیوڈیسک) کاہنہ اور سندر کے علاقوں میں دو افراد کو قتل کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ کاہنہ میں عباس نامی شخص شادی کی تقریب میں آیا ہوا تھا جہاں سجاد اور ارشد وغیرہ فائرنگ کررہے تھے، عباس نے فائرنگ کرنے سے منع کیا تو انہوں نے عباس کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ دریں اثنا سندر کے علاقے میں ریت کے تنازع پر چھیدو، فاروق، نیاز وغیرہ نے فائرنگ کرکے تین بچوں کے باپ غفور کو ہلاک کر دیا۔ علاوہ ازیں ٹریفک حادثات میں ایک شخص ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔
مال روڈ پر تیز رفتار گاڑی نے نامعلوم شخص کو ٹکر مار دی جو میو ہسپتال میں دم توڑ گیا، لٹن روڈ کے علاقہ میں موٹر سائیکل سوار عاصم کو گاڑی نے ٹکر مار کر زخمی کر دیا، پرانی انار کلی میں ویگن اور کار کے مابین تصادم کے نتیجہ میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ ادھر وزیر قانون پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن کی ہمشیرہ مین بلیوارڈ گلبرگ میں کار حادثہ میں شدید زخمی ہو گئیں۔ انہیں طبی امداد کیلئے سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔