لاہور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عوام کو حقوق انقلاب یا نئے پاکستان سے نہیں بلکہ اسلامی پاکستان سے ملیں گے۔ قومی سلامتی کو خطرات درپیش ہیں ، سیاسی تلخیاں کم کرنے کی ضرورت ہے۔
لاہور کے علاقے مسلم ٹاؤن میں اجتماعی ناشتے کی تقریب سے خطاب میں لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ زندہ اور جمہوری قومیں آپس میں اختلاف رکھتی ہیں لیکن قومی مقاصد میں یکجا ہوتی ہیں۔ اس وقت ملک کو سلامتی کے خطرات درپیش ہیں جن کا مقابلہ کرنے کیلئے قومی یکجہتی کا عملی مظاہرہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سیاست میں تلخیاں بڑھتی جارہی ہیں ، سیاسی جلسوں میں ایک دوسرے کی پگڑی اچھالنا مناسب نہیں۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نومبر میں کل پاکستان اجتماع عام کے ذریعے ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے بھرپور تحریک کا آغاز کرے گی ، اسلامی پاکستان ہی ملک کے مسائل کا واحد حل ہے۔