متوقع برسات کے پیش نظر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے باہمی تعاون کے ذریعے نکاسی آب کے نظام کو درست کیا جائے :ماجد رضا غوری

کراچی (خصوصی رپورٹ)ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری نے متوقع برسات کے پیش نظر تمام زونز کو ہدایت کی ہے کہ محرم کے دوران عزاداروں کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری انتظامات کے ساتھ دوران برسات عوامی سہولیات کی بروقت فراہمی کے لئے رین ایمرجنسی پلان ترتیب دیا جائے ،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے باہمی تعاون کے ذریعے برساتی نالوں اور سوریج فلو کی درستگی کو یقینی بنا کر ضلع کورنگی کے تمام علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کو درست کیا جائے ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری نے میونسپل کمشنر مسرور میمن کے ہمراہ شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز کا تفصیلی دورہ کرکے امام بارگاہوں کے اطراف اور جلوسوں کے روٹس سڑکوں کی استر کاری اور تعمیر و مرمت کے حوالے سے جاری ترقیاتی کاموںکا معائنہ کرتے ہوئے کیا

اس موقع پر سپرٹینڈنگ انجینئر بلدیہ کورنگی پریم چند،ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلدیہ کورنگی رفیق شیخ ،ڈائریکٹر پارکس بلدیہ کورنگی ندیم شیخ شاہ فیصل زون کے فوکل پرسن اسلم پرویز ،کورنگی زون کے فوکل پرسن مبین صدیقی اور لانڈھی زون کے فوکل پرسن طلعت محمود بھی موجود تھے ،سڑکوں کی استر کاری کے حوالے سے جاری کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری نے کہاکہ جاری کاموں کو جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچا یا جائے تاکہ عزاداروں کو بروقت سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا ئی جاسکے انہوں نے تمام زونز کے فوکل پرسنز کو ہدایت کی کہ ممکنہ برسات کے پیش نظر برساتی نالوں کا مکمل سروے کیا جائے اور جہاں ضرورت ہو برساتی نالوں کی صفائی کو یقینی بنا یا جائے

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے مختلف علاقوں میں عزاداروں سے ملاقات کی اور ان سے محرم کے حوالے سے بلدیہ کورنگی کے تحت جاری انتظامات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہیں یقین دلا یا کہ عشرہ محرم کے دوران عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے بلدیہ کورنگی اپنی تمام تر کاوشوں اور وسائل کو بروئے کار لائیگی ۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر مسرور میمن نے کہاکہ ضلع کورنگی کی حدود میں بلدیہ کورنگی کی جانب سے تمام تر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ امام بارگاہوں کے اطراف اور عشرہ محرم الحرام کے دوران برآمد ہونے والے جلوسوں کے روٹس پر سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور استر کاری کا کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے

اس موقع پر میونسپل کمشنر مسرور میمن نے بلدیہ کورنگی کے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ مجالس گاہوں ،امام بارگاہوں اور جلوسوں سے قبل روٹس پر صفائی وستھرائی کے ساتھ مکھی مچھروں کے خاتمے اور صحت مند ماحول کے قیام کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے تواتر کے ساتھ انجام دیا جائے۔

 DMC KORANGI KARACHI

DMC KORANGI KARACHI