برطانیہ نے افغانستان میں اپنا آخری فوجی اڈہ بھی خالی کردیا

British Army

British Army

کابل (جیوڈیسک) برطانوی فوج نے افغانستان میں اپنا آخری فوجی اڈہ خالی کرکے اس کا کنٹرول افغان فورسز کے حوالے کردیا ہے۔ برطانوی فوج 2001 سے افغان صوبے ہلمند میں سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہی تھی۔

غیر ملکی افواج کی واپسی کے پروگرام کے تحت برطانیہ نے صوبے کی کمان 6 ماہ قبل امریکی فوجیوں کے حوالے کر کے فوجی ساز و سامان کی منتقلی شروع کردی تھی اور اب برطانیہ نے ملک میں اپنے سب سے بڑے اور مرکزی فوجی اڈے ’’کیمپ بیسچین‘‘ کا کنٹرول بھی افغان افواج کے حوالے کردیا ہے جس کے بعد افغانستان سے برطانوی افواج کا انخلا حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ 2001 سے اب تک افغانستان میں غیر ملکی افواج سے برسرپیکار طالبان سے جھڑپوں کے دوران 453 برطانوی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں تاہم افغانستان میں اس وقت بھی 2 ہزار 700 برطانوی فوجی موجود ہیں۔