فیصل آباد (خصوصی رپورٹ) تحریک انصاف خواتین ونگ سنٹرل پنجاب کی نائب صدر اور امیدوار پی پی 70 میمونہ حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ایک قوت کے طور پر پورے ملک میں چھاتی جارہی ہے اور وہ وقت دور نہیں جب میاں نواز شریف ہمارے دھرنوں کے جواب میں استعفیٰ دینے پر مجبور ہوجائینگے۔ محرم کے بعد حکومت پر ہمارا دبائو اس قدر بڑھے گا کہ حکومت یہ دبائو برداشت نہیں کرسکے گی جدوجہد میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکن اپنے قائد عمران خان کے شانہ بشانہ ہیں اور ملک سے مہنگائی بے روزگاری ‘ لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کیلئے متحد ہوکر اپنا کردار ادا کرینگے۔
انہوں نے مزید کہاکہ عمران خان عوام کے دلوں کی دھڑکن بن چکے ہیں۔ عوام موجودہ حکمرانوں سے اکتا چکی ہے اور عمران خان پر اعتماد کرتے ہوئے اس کے حمائت یافتہ امیدواران کو ووٹ کاسٹ کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں ،انہوں نے کہاکہ عمران خان نے تاریخ کا طویل ترین دھرنا دے کر قوم کو بیدار کردیاہے آج پوری قوم میں شعور بیدار ہو چکی ہے، اب حکمران بادشاہت نہیں بلکہ قوم کے غلام بن کر رہیں گے ورنہ عوام ان کو اقتدار کے ایوانوں سے اٹھا کر سڑک پر لے آئے گی۔