اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے آپریشن ضرب عضب میں دہشت گردوں کا تقریبا صفایا کر دیا ہے ، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی ، کہتے ہیں آدھے دھرنے والوں سے نمٹ لیا ، باقی آدھےسے بھی نمٹ لیں گے۔
اسلام آباد میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کے بعد وفاقی وزیر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے انفراسڑکچر تباہ ہونے پر شہروں کا رخ کر لیا ہے ، دہشت گردی پر مکمل قابو نہیں پایا گیا ، مگر واقعات کم ضرور ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آدھے دھرنے والوں سے نمٹ لیا ہے۔
باقی آدھے سے بھی نمٹ لیں گے۔ گزشتہ چار ماہ سے اقتدار پر شب خون مارنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن پاکستان کی ریاست بہت وسیع اور حکومت مضبوط ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مصنوعی سیاسی بحران کی وجہ سے ملکی معیشت کو بہت نقصان پہنچا۔ 7 نومبر کو وزیر اعظم چین جا رہے ہیں۔
کئی منصوبوں پر پیش رفت ہوگی۔ چینی صدر کے دورے کو ری شیڈول کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت تباہ کرنے والوں کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اقتصادی کامیابی ہی محفوظ ریاست کی ضامن سمجھی جاتی ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سردیوں میں توانائی بچت کے متعدد منصوبے شروع کر رہے ہیں۔
مارکیٹوں کی جلد بندش کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی ہے۔ مارکیٹوں کو رات 8 بجے بند کرنے کا پابند کریں گے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ بجلی کی پیداوار کے منصوبوں میں سرمایہ کاری ہو۔ پن بجلی ، کوئلے اور تھر میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں ، سرمایہ کاروں کو بجلی کی زیادہ پیدوار اور قیمت میں کمی کی ضمانت دینا ہوگی۔