راجباہ دھونکل کے کناروں پر گجروں کے ڈیری فارمز، پشتے تباہ کر دیئے گئے

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) راجباہ دھونکل کے کناروں پر گجروں کے ڈیری فارمز، پشتے تباہ کر دیئے گئے لاکھوں روپے قیمتی پانی ضائع ہونا معمول بن گیا۔ کمزور پشتوں سے پانی چوروں کیلئے آسانیاں پیدا ہو گئیں۔

نواحی علاقوں دھونکل، ویروکی، وڈالہ چیمہ، پھالوکی میں نہر کنارے گجروں کے ڈیروں کے باعث مویشیوں کے بار بار غیرقانونی طور پر راجباہ میں نہلانے سے پشتے مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے قیمتی پانی ضائع ہوتا رہتا ہے اور اس سے راجباہ کے کناروں پرپانی چوری کرنا آسان ہوگیا ہے بیشتر مقامات پر زمینداروں کا پانی چوری کی زحمت سے بھی آزاد کردیا گیا ہے جو پشتے ٹوٹے ہونے کا فائدہ اٹھا کر اپنی فصلوں کو ضرورت کے وقت مفت میں سیراب کرلیتے ہیں اور خزانہ سرکار کو سالانہ لاکھوں کا نقصان پہنچایا جارہا ہے۔

دوسری طرف مویشی نہلانے کیلئے فارمز مالکان بیلدار کے ذریعہ منتھلیاں دیکر کام چلاتے ہیں۔ اخبارات میں آئے روز نشاندہیوں کے باوجود راجباہ کے پشتے مضبوط نہیں کئے گئے اور نہ ہی محکمہ انہار کیلئے نقصان کا باعث بننے والے ڈیری فارمز مالکان کیخلاف کوئی کاروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔راجباہ میں پانی آتے ہی پانی چور متحرک ہوجاتے ہیں۔ شہریوں نے راجباہ کو مختلف مقامات سے پختہ کرنے اور بھینسوں کو نہلانے والے قانون شکن افراد کیخلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔