صرف 12 ایماندار پولیس افسر کراچی کے حالات ٹھیک کر سکتے ہیں، ڈی جی رینجرز

Bilal Akbar

Bilal Akbar

کراچی (جیوڈیسک) ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کا کہنا ہےکہ کراچی میں بھتہ خوری اور اغوا کی روک تھام کے لیے رینجرز کی اسپیشل ٹاسک فورس کام کررہی ہے جبکہ پولیس کے صرف 12 ایماندار افسر شہر کے حالات ٹھیک کر سکتے ہیں۔

ڈی جی رینجرز بلال اکبر نے کہا کہ محرم کے دوران سکیورٹی کے لیے سخت اقدامات کیے جارہے ہیں جس کے تحت کراچی میں 10 ہزار رینجرز اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے جن میں سے 70 فیصد کراچی اور 30 فیصد اہلکار اندورن سندھ اپنے فرائض انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کہ کراچی میں امن وامان کے لیے دن رات کام کررہے ہیں جب کہ شہر میں مختصر و طویل مدتی آپریشن کی حکمت عملی پر بھی عمل کیا جارہا ہے۔

ڈی جی رینجرز کا کہنا تھا کہ صرف 12 ایماندار پولیس افسر کراچی کے حالات ٹھیک کرسکتے ہیں جبکہ شہر میں پولیس نفری کی بھی کمی ہے جہاں 1500 شہریوں کے لیے ایک پولیس اہلکار ہے۔

دوسری جانب ڈی جی رینجرز نے کراچی چیمبر آف کامرس کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے تاجروں سے ملاقات کی جس میں تاجروں کی جانب سے ڈی جی رینجرز کو سکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا گیا جس پر بلال اکبر نے تاجروں کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ شہر میں بھتے اور اغوا کی روک تھام کے لیے رینجرز کی اسپیشل ٹاسک فورس کام کررہی ہے اور اس سے متعلق شکایات بھی فوری حل کی جارہی ہیں جب کہ کراچی میں محفوظ ماحول میں کاروبار کے لیے بھی ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔