اسلامی سال کے آغاز پر حکمران عوام کی خدمت کرکے اسے زیادہ بابرکت اور مفید بنا سکتے ہیں، ایم اے تبسم

MA Tabassum

MA Tabassum

لاہور (خصوصی رپورٹ) کالمسٹ کونسل آف پاکستان (سی سی پی) کے چیئرمین غازی شاہد رضا علوی، مرکزی صدرایم اے تبسم، کنوینئر میر افسرامان، سینئر نائب صدر عقیل خان، نائب صدر امتیاز علی شاکر، جنرل سیکرٹری فیصل اظفرعلوی، چیئرمین ایکشن کمیٹی محمد وسیم نذر، فنانس سیکرٹری ساحر قریشی، سینئر کالم نویس ع، م بدر سرحدی، ملیحہ سید، طاہر انجم، سجاد علی شاکر و دیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ نئے اسلامی سال کے آغاز پر حکمران اللہ تعالیٰ سے رجوع اور عوام کی خدمت کرکے اسے زیادہ بابرکت اور مفید بناسکتے ہیں۔

محرام الحرام میں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سیکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنائیں۔ ملک اس وقت دشمن قوتوں کی نشانے پر ہے۔ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت انتشار اور انار کی کی فضاء پیداکی جارہی ہے تاکہ پاکستان کو اندرونی طور پر کمزور کیا جاسکے۔ ایم اے تبسم نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت وطن عزیز اس وقت کٹھن حالات سے دوچار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے لئے ملک میں لاقانونیت کاجڑ سے خاتمہ اور امن وامان کاقیام اولین ترجیح ہونی چاہئے تاکہ معصوم اور بے گناہ افراد کے جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔

تمام مکاتب فکر کے مذہبی علماء اور رہنمائوں پر فرض عائد ہوتا ہے کہ فرقہ وارانہ منافرت اور تشدد کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیں۔ عالمی استعماری قوتیں پاکستان میں امن قائم ہوتا نہیں دیکھ سکتیں اس لئے وہ سا لمیت پاکستان، استحکام پاکستان اور وحدت پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔ ہمیں اتفاق ویکجہتی کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ محرم الحرام میں سیکیورٹی کے خصوصی بندوبست کرتے ہوئے حساس مقامات، مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے اور مروجہ قوانین پر سختی سے عمل در آمد کیا جائے۔