وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) خبروں پر ایکشن ٹی ایم او وزیرآباد کو تبدیل کر کے لاہور بورڈ حاضر ہونے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔ قلعہ دیدار سنگھ میں تعینات ٹی او آر سمیر انتصار چیمہ کو ٹی ایم او وزیرآباد تعینات کردیا گیا موصوف اس سے قبل بھی وزیرآباد میں ٹی ایم او تعینات رہ چکے ہیں۔خاتون افسر جاتی دفعہ بھی باز نہ آئی ۔نالہ پلکھو حیدر کالونی کے قریب ٹی ایم اے ملکیتی قیمتی سرکاری اراضی سے مٹی نکلوا کرفروخت کرگئی۔
کروڑوں روپے مالیتی بیشتر سرکاری اراضی ذمہ داروں کی غفلت کے باعث پہلے ہی جوہڑ میں تبدیل ہوچکی ہے۔ ٹی ایم او گلشن نورین نے مبینہ طور پراپنے دورانیہ تعیناتی میں ماتحت ملازمین بالخصوص آفس سپر نٹنڈنٹ راجہ خالد حسین کی خدمات حاصل کر کے ٹی ایم اے سرکار کو فرضی،بوگس بلوں کی آڑ میں بھاری نقصان پہنچایا مختصر عرصہ میں ہی قیمتی گاڑی کی مالک بن گئی اور اسی نئی گاڑی پر دفتر آنا جانا شروع کردیا جبکہ ٹی ایم اے کی سرکاری گاڑی کو اپنے گھر کیلئے استعمال کیلئے وقف کردیا جہاں ٹی ایم او کے عزیز واقارب نے سرکاری گاڑی کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔ صبح دفتر لیٹ آنے اور ڈیوٹی سے جلدی غائب ہوجانے والی خاتون افسر نے ماتحت یونٹوں کے فرضی دوروں کے نام پر اپنی پرائیویٹ کار میں تیل ڈلوا کر بھی محکمہ کو نقصان پہنچایا جبکہ ٹھیکیداروں کی ملی بھگت سے بھی کرپشن میں ملوث رہی۔
شہریوں کی طرف سے بڑھتی ہوئی شکایات پر ،قومی اخبارات میں خبروں کی اشاعت کے بعد خاتون افسر کو عہدہ سے ہٹا کر لاہور بورڈ میں حاضر ہونے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جبکہ سمیر انتصار چیمہ کو وزیرآباد میں ٹی ایم او تعینات کیا گیا ہے۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کیمیونٹی ڈویلپمنٹ سے گلشن نورین کے دورانیہ میں شفاف آڈٹ اور خزانہ سرکار کو پہنچائے جانے والے نقصان کی ریکوری کا مطالبہ کیا ہے۔