نئی دلی (جیوڈیسک) بھارتی ریاست ہریانہ میں چوروں نے 125 فٹ لمبی سرنگ کھود کر بینک سے کروڑوں روپے مالیت کی نقدی اور زیورات چرالئے۔
ریاست ہریانہ میں ضلع سونی پت کے قصبے گوہانہ کے مصروف علاقے میں پنجاب نیشنل بینک کی شاخ کے سیف روم میں 40 لاکھ روپے نقد اور 360 لاکر موجود تھے، دیوالی کی تعطیلات اور ہفتہ وار چھٹیوں کے بعد پیر کی صبح جب بینک کا منیجر سیف روم، میں داخل ہوا تو اسے پتہ چلا کہ چور سرنگ کے ذریعے بینک کے 40 لاکھ روپے اور 360 میں سے 86 لاکر توڑ کر اس میں رکھی رقم اور زیورات لوٹ کر لے گئے ہیں۔
پولیس نے تفتیش کی تو پتہ چلا کہ چوروں نے ڈھائی فٹ قطر کی 125 فٹ طویل سرنگ کھودی تھی جس کا دہانہ بینک کے قریب واقع ایک متروکہ عمارت میں تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ سیف روم میں سی سی ٹی کیمرے نصب نہ ہونے کی وجہ سے ملزمان کی صحیح تعداد کے بارے میں ٹھیک سے کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا تاہم سرنگ کے دونوں اطراف اور سیف روم سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں تحقیقات کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔