اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے اور تعاون کے لیے چاروں وزرائے اعلیٰ کو خط لکھا ہے۔
وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو خط لکھا گیا ہے جس میں ان سے پولیو کے خاتمے کی مہم میں تعاون کرنے کا کہا گیا ہے، وزیراعظم کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پولیو ملک کا ایک ہنگامی مسئلہ بن گیا ہے، صوبے پولیو کے خاتمے کی مہم میں تعاون کریں اور انسداد پولیو مہم کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
دوسری جانب ملک میں پولیو وائرس کےمزید 5 نئے کیس سامنے آگئے ہیں جن میں خیبرپختونخوا سے ایک اور فاٹا سے 4 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے، محکمہ صحت کے مطابق نئے کیسز کے بعد ملک بھر میں رواں برس پولیو کیسز کی تعداد 227 تک جا پہنچی ہے۔