سمندری طوفان نیلوفر سندھ کے ساحلی علاقوں کی جانب مڑسکتا ہے

Nilofar

Nilofar

کراچی (جیوڈیسک) بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان نیلوفر کی شدت میں اضافہ ہوچکا ہے، طوفان کراچی سے 1120 کلومیٹر دور ہے۔ طوفان کے باعث کراچی سمیت زیریں سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں آج رات سے موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ بحیرہ عرب میں بننے والا یہ طوفان اب کراچی سے تقریبا” 11 سو کلو میٹر اور گوادر سے ایک ہزار کلومیٹر فاصلے پر ہے۔بحیرہ عرب میں بننے والے اس طوفان کا رخ آج دوپہر سے سندھ اور بلوچستان کی ساحلی پٹی کی طرف ہوگا۔ حجم میں اضافے کے باعث نیلوفر کی رفتار میں کمی آئی ہے مگر اس کی شدت اپنی انتہا پر ہے۔

بھارتی گجرات کی ساحلی پٹی کی طرف بڑھنے والا یہ طوفان ایک بڑے حصے تک اپنے نشان چھوڑے گا ۔کراچی سمیت زیریں سندھ اور بلوچستان کی ساحلی پٹی نیلوفر کے اثرات کی زد میں ہوں گی، آج سے جمعے کے درمیان 100 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ خوب بارش برسے گی۔ جبکہ طوفان ہد ہد کا ستایا بھارت اس بار طوفان نیلوفر کے عتاب کا شکار بن سکتا ہے، سمندری طوفان نیلوفر کے پیش نظر پاکستان اور بھارت میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔