ترکی، ایران، تاجکستان کے آڈٹ سربراہان کی مزار اقبال پر حاضری

Audit Heads

Audit Heads

لاہور (جیوڈیسک) لاہور ایک ثقافتی و تاریخی شہر ہے اور تابندہ روایات کا امین ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر ایکوسائی و آڈٹ سربراہ ترکی ڈاکٹر رکائی عقیل نے مزار اقبال پر حاضری اور شاہی قلعہ و بادشاہی مسجد کے دورے کے دوران کہی۔ آڈٹ سربراہ ایران محمد امین حسین رحیمی نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ اقبال پاکستان کے ساتھ ساتھ ایران بلکہ پوری دنیا میں اپنی فلسفیانہ شاعری اور ندرت فکر کے باعث نہایت بلند مقام رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ ہمیں ایکو سائی کانفرنس اور تاریخی مقامات کی سیر کے دوران بہت زیادہ محبت ملی ہے۔ ایکوسائی کانفرنس میں شرکت کرنے والے ترکی، ایران اور تاجکستان کے آڈٹ سربراہان نے اپنے وفود کے ہمراہ گزشتہ روزسب سے پہلے مزار اقبال پر حاضری دی، ان کا خوبصورت دھنوں پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ غیرملکی وفود نے شاہی قلعہ اور بادشاہی مسجد کی سیر کے دوران شاہی قلعہ کے مختلف حصوں اور بادشاہی مسجد میں متبرک نوادرات میں گہری دلچسپی لی اور معلومات حاصل کیں۔