دھرنے حکومت کو ’’دھر‘‘کے ہی دم لیں گے :تحریک انصاف

PTI

PTI

لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم فکر نہ کریں دھرنے حکومت کو ’’دھر‘‘ کے ہی دم لیں گے اور بالآخر جیت عوام کی ہی ہوگی۔ تحریک انصاف کے زیراہتمام’’ سندھ طاس معاہدہ اور بھارت کے پس پردہ مذموم مقاصد‘‘ کے موضوع پر منعقد ہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جعلی جمہوریت اور دھاندلی زدہ قیادت کے دن گنے جاچکے ہیں اور انہیں ملک و قوم کو تباہی کی طرف دھکیلنے کی مزید مہلت نہیں ملے گی۔

عمران خان نے ملک گیر تحریک کا آغاز کر کے نیا سیاسی وژن دیا ہے۔ پی ٹی آئی کا دھرنا اور احتجاج سسٹم کی ناکامیوں اور خرابیوں کے خلاف ہے جسے منطقی انجام تک پہنچائے بغیر نہیں رکیں گے۔ عنقریب پی ٹی آئی میں مزید اہم شخصیات شمولیت اختیار کر یں گی۔

دریں اثنا تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے رکن میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ ملک میں تبدیلی آچکی ہے آج نہیں تو کل (ن) لیگ کا اقتدار ختم ہونا ہے، ہر طرف گو نواز گو کے نعرے نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں، (ن) لیگ کی اپنی پالیسیاں ہی جمہوریت کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔