گوجرانوالہ(خصوصی رپورٹ) محمد آصف ظفر چیمہ چیف ٹریفک آفیسر گوجرانوالہ کی زیر نگرانی محرم الحرام کے سلسلے میں ٹریفک ڈیوٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے اس کے علاوہ ٹریفک ڈائیورشن کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ سی ٹی او کے مطابق ضلع بھر میں جلوس، مجالس اور دیگر ٹریفک ڈیوٹی کے لیے 2 ڈی ایس پیز، 18 سینئر ٹریفک وارڈنز،344 ٹریفک وارڈنز اور 36 ملازمان کو تعینات کر دیا گیا ہے۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام میں تمام کیٹیگریز کے ماتمی جلوس اور مجالس کے لیے ٹریفک سٹاف کو ھدایات جاری کی گئی ہیں کہ جلوس اور مجالس کے طے شدہ روٹس کو مکمل طور پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مقررہ اوقات میں بند کیا جائے نیز روٹس کو کلیر رکھنے کی غرض سے کسی بھی قسم کی رانگ پارکنگ نہ ہونے دی جائے اور شرکاء کیلیے طے شدہ پارکنگ کے لیے انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ شہریوں کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے باقاعدہ ڈائیورشن لگاکر متبادل راستے مہیا کیے گئے ہیں بیرئیر ز کی فراہمی کر دی گئی ہے۔
رانگ پارکنگ سے نمٹنے کے لیے لفٹرز کے ذریعے روٹ کو کلیر رکھا جائے گا ۔انہوںنے مزید کہا کہ محرم الحرام میں تمام ٹریفک سٹاف چوکس ہو کر ڈیوٹی کریں تا کہ اپنے ارد گرد نظر رکھتے ہوئے مشتبہ شخص و گاڑی کی فوری نشان دہی کی جا سکے اور اس کے خلاف بر وقت کاروائی عمل لائی جائے مزید برآں ڈیوٹی میں کسی بھی قسم کی غفلت و لاپرواہی ہر گز بر داشت نہ کی جائے گی۔