بھارتی حکمران کشمیریوں کو تجارت کا مال سمجھتے ہیں۔مسز سعادت پروین

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) گورنمنٹ ایس کے گرلز ہائی سکول وزیرآباد کی ہیڈ مسٹریس مسز سعادت پروین نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اپنے چارٹر کی پاسداری کرے اور کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ بھارتی حکمران کشمیریوں کو تجارت کا مال سمجھتے ہیں۔ وہ بلیک ڈے کے موقع پر طالبات سے خطاب کر رہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو پہلے انگریزوں نے فروخت کیا اور اب بھارت نے ڈوگرہ حکمرانوں کی مدد کے بہانے فوجیں بھیج کر کشمیر پر قبضہ کرکے انہیں اپنا غلام بنا لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اوراس کے پشت پناہ کشمیریوں کو انسان نہیں سمجھتے اس لئے بار بار انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری واحد قوم ہے جس کو انگریز حکمرانوں نے فروخت کیا جو ایک انسانی المیہ ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ انسانوں کی خرید و فروخت کرنے اور ان کے حقوق کی خلاف ورزی پر نوٹس لے اور کشمیریوں کو ان کی مرضی سے جینے کا حق دے۔

انہوں نے کہا کہ انسانوں کو بھیڑ بکری سمجھنے اور انہیں بنیادی حقوق سے محروم کر دینے سے امن قائم نہیں ہو سکتا۔اقوام متحدہ اپنے چارٹر پر عمل کرے اور دنیا میں امن قائم کرنے کے لئے دیرینہ مسائل کو حل کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے اور ان کے حقوق بحال ہونے تک ان کی حمائت کرتی رہے گی۔

اس موقع پر مس بسم اللہ ناظم، مس یاسمین فرخ اور مس ثوبیہ نے بھی خطاب کیا۔طالبات نے مختلف نعروں سے مزیّن پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے۔ طالبات نے بھارت کے خلاف اور کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے نعرے لگائے۔