فیصل آباد : پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر حافظ طاہر جمیل نے ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے اسلام آباد دھرنے کو ختم کیے جانے کے اقدامات کو سہراتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کوبھی ملک و قوم کے بہتر مستقبل اور معاشی سر گرمیوں کو فروغ دینے کیلئے دھرنے ختم کر دینے چاہئیں۔
تاکہ دنیا بھر میں مثبت پیغام کے ذریعے ترقی کی راہ ہموار ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو در پیش مشکلات کو حل کرنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک نکاتی معاشی ایجنڈے کے تحت یکجا ہو ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کا دھرنوں اورجلوسوں کے باعث منفی امیج ابھر رہا ہے جس کو اب ختم کرنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ دنیا ترقی کی جانب گامزن ہے اور پاکستان کو ترقی کی کئی منازل طے کرنا باقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدی سر گرمیاں دھرنوں کے باعث شدید متاثر ہو رہی ہیں اور ملک میں جب تک سازگار ماحول قائم نہیں ہو گا اس وقت تک تجارتی و کاروباری سر گرمیاں متاثر ہوتی رہے گی اور بڑھتی ہوئی مشکلات کو ختم کرنے اور برآمدی اہداف کو پورا کرنے کیلئے پوری قوم کا یکجا ہونا بے حد ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد دھرنے ختم ہونے کے مثبت اثرات نمودار ہونگے اب تحریک انصاف کو بھی چاہئے کہ موسم اور عوام کو در پیش مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے کئی ماہ سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کریں۔