فیصل آباد : پیپلز پارٹی سٹی کے نائب صدر رانا گلزار نے کہا ہے کہ حکومت محرم الحرام میں عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام کرے، حساس مقامات پر اضافی نفری کو تعینات کیا جائے اسلام دین امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے دشمن قوتیں پاکستان کی بقاء کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیںاور اس کے لئے پس پردہ مشترکہ حکمت عملی ترتیب دے چکی ہیں۔
ملک اس وقت افراتفری، انتشار اور انارکی کاشکار ہے۔ اپنے بیان میں نذیر احمد جنجوعہ نے کہاکہ ملک میں لاقانونیت کی انتہا ہوچکی ہے۔ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت فرقہ واریت پھیلانے کی سازش کی جارہی ہے۔ تمام دینی وسیاسی جماعتیں باہم متحد ہوکر بیرونی دشمنوں کے مکروہ عزائم کو ناکام بنا دیں۔ محرم الحرام میں حکومتی سطح پر سیکیورٹی کے انتظامات غیر تسلی بخش اور ناکافی ہیں انہیں مزید بہتر اور موثر بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ محرم الحرام میں قیام امن کے لئے مناسب عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچاجاسکے۔ پاکستان میں اتحادویکجہتی کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی۔