کراچی (جیوڈیسک) سول اسپتال کراچی کے آرتھوپیڈک یونٹ ٹو میں آپریشن کے دوران آکسیجن پلانٹ میں لیکیج ہونے کی وجہ سے 25 سے زائد آپریشن ملتوی کر دیے گئے جس کی وجہ سے آپریشن کے منتظر قطاروں میں بیٹھے ہوئے مریضوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق سول اسپتال کے آرتھوپیڈک یونٹ ٹو میں گزشہ روز صبح سے ہی مریضوں کے آپریشن شروع کردیے گئے تھے اورتقریباً 11 بجے کے قریب آپریشن تھیٹر میں مریض موجود ہونے کے دوران آکسیجن پلانٹ میں نامعلوم وجوہ کی بنیاد پر لیکیج ہوگئی
ٹیکنیکل عملے کی کوششوں کے باوجود مسئلہ حل نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے 25 سے زائد معمول کے آپریشن ملتوی کرنے پڑے۔ مزید آپریشن نہ ہونے کے اعلان پر تھیٹر کے باہر آپریشن کی غرض سے موجود مریضوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر سعید قریشی کا کہنا تھا کہ انہیں اس حوالے سے علم نہیں ہے لیکن وہ رپورٹ طلب کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سول اسپتال صوبے کا سب سے بڑا سرکاری اسپتال ہے جہاں پر روزانہ سیکڑوں سرجریاں ہوتی ہیں اور اس دوران مختلف مسائل سامنےا ٓتے رہتے ہیں جنہیں ترجیحی بنیاد پر حل کرایا جاتا ہے۔